اسٹارک کی شاندار بولنگ، بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست

Mar 21, 2023 | 12:44:PM
اسٹارک کی شاندار بولنگ، بھارت کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بدترین شکست
کیپشن: یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا سب سے کم ترین اسکور ہے جبکہ بھارت کا مجموعی طور پر ون ڈے کرکٹ میں چوتھا کم ترین اسکور ہے۔
سورس: سوشل میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے مچل اسٹارک کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کر دیا۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

میچ کے پہلے ہی اوور میں مچل اسٹارک نے شبمن گِل کو تین کے مجموعی اسکور پر چلتا کر کے بھارت کو پہلا نقصان پہنچایا۔

اس مرحلے پر روہت شرما اور ویرات کوہلی پر مشتمل جوڑی نے اسکور کو 32 تک پہنچا دیا لیکن مچل اسٹارک نے یکے بعد دیگرے دو ضربیں لگاتے ہوئے روہت شرما اور سوریا کمار یادیو کو چلتا کردیا۔

گزشتہ میچ کے ہیرو لوکیش راہُل اس مرتبہ ٹیم کے کام نہ آ سکے اور صرف 9 رنز بنانے کے بعد اسٹارک کی چوتھی وکٹ بن گئے۔

ابھی بھارتی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ کائل ایبٹ نے صرف ایک رن بنانے والے ہردک پانڈیا کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

ویرات کوہلی نے کافی دیر تک مزاحمت کی اور رویندرا جدیجا کے ہمراہ اسکور کو 71 تک پہنچا دیا لیکن 31 رنز بنانے والے مایہ ناز بلے باز نیتھن ایلس کو وکٹ دے بیٹھے۔

اکشر پٹیل نے 29 اور رویندرا جدیجا نے 16 رنز بنا کر تھوڑی مزاحمت دکھائی لیکن اس کے باوجود پوری بھارتی ٹیم صرف 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ شان ایبٹ نے تین اور نیتھن ایلس نے دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے پہلی ہی گیند سے جارحانہ انداز اختیار کیا اور چھٹے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرا لی۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 11اوورز میں ہی 118 رنز کا ہدف حاصل کر کے اپنی ٹیم کو 10 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں کامیابی کی بدولت آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

آسٹریلیا نے 39 اوورز یا 234 گیندوں قبل ہدف حاصل کر لیا اور یہ کسی بھی ٹیم کی بھارت کے خلاف گیندوں کے اعتبار سے سب سے سب سے بڑی فتح ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی کے نام تھا جس نے 212 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر لیا تھا۔

یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کا سب سے کم ترین اسکور ہے جبکہ بھارت کا مجموعی طور پر ون ڈے کرکٹ میں چوتھا کم ترین اسکور ہے۔