معاشی بحران،مقامی ٹائر ساز کمپنی کا پلانٹ دوسری بار بند ،موٹر کمپنی نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)آٹوموبائل سیکٹر میں بحران بدستور برقرار ہے، مقامی ٹائر ساز گندھارا ٹائر اینڈ ربڑ کمپنی لمیٹڈ (جی ٹی آر) نے 2023 میں دوسری بار پلانٹ عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ۔
انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جی ٹی آر نے اسٹاک فائلنگ میں بتایا کہ پیداواری سرگرمیاں عارضی طور پر 24 مارچ سے 3 اپریل 2023 کے درمیان معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمپنی نے بتایا کہ موجودہ معاشی صورتحال اور اس کی وجہ سے بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) جاری کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے جس کے سبب خام مال کی سپلائی چین میں شدید خلل پڑا، جس کی وجہ سے پیداواری عمل جاری رکھنا ممکن نہیں ہے، جی ٹی آر نے اس سے پہلے 13 سے 17 فروری تک انہی وجوہات کی بنا پر پروڈکشن بند کی تھی۔
دریں اثنا،پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ مرکزی بینک کی طرف سے عائد پابندیوں کی وجہ سے اس کے زرمبادلہ کے نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اس وجہ سے مالی سال 2023 میں کمپنی کی ایکویٹی پر منفی اثر ہو سکتا ہے، کمپنی پابندیوں کی وجہ سے غیر ملکی کرنسی کے روکے ہوئے واجبات کا معاملہ حل کرنا چاہتی ہے۔ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) نے کہا کہ غیر ملکی کرنسی میں واجبات ادا کرنے میں مشکلات کے سبب شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
ضرور پڑھیں :تاجر کو 1 ملین ڈالر کا جعلی نوٹ دیکر چونا لگا دیا
پی ایس ایم سی ایل نے اسٹاک فائلنگ میں کہا کہ 31 دسمبر 2022 تک غیر ملکی واجبات 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھے جو بڑھ کر 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہو گئے، 31 دسمبر 2022 تک کمپنی کو غیر ملکی کرنسی کے لین دین اور بیلنس پر 3 ارب 55 کروڑ روپے نقصان ہوا۔