براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 10 فیصد اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)آئی ایم ایف سے ملنے والے لون پیکج میں تاخیر ،پاکستان میں جاری سیاسی کشمکش کے باوجود فروری میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 10 فیصد اضافہ ہوا لیکن 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 40 فیصد کمی آگئی ہے۔
انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں ایف ڈی آئی 10 کروڑ 9 لاکھ ڈالر رہی جبکہ اسی دوران گزشتہ برس 9 کروڑ 8 لاکھ ڈالر تھی۔رواں مالی سال کے شروع سے ہی معاشی خرابی اور سیاسی غیریقینی کی وجہ سے ایف ڈی آئی میں کمی آگئی ہے۔
ضرور پڑھیں :معاشی بحران،مقامی ٹائر ساز کمپنی کا پلانٹ دوسری بار بند ،موٹر کمپنی نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی
بیرونی سرمایہ کاری میں چین سرفہرست رہا جہاں سے گزشتہ ماہ کے دوران سب سے زیادہ 2 کروڑ 27 لاکھ ڈالر کا سرمایہ آیا، جولائی سے فروری 2023 کے دوران چین سے مجموعی طور پر 22 کروڑ 28 لاکھ ڈالر آئے جو کسی بھی ملک سے ہونے سب سے زیادہ سرمایہ کاری تھی۔چین نے رواں برس سب سے زیادہ سرمایہ کاری ضرور کی لیکن گزشتہ برس کے مقابلے کم رہی، چین سے گزشتہ برس 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی تھی۔
دیگر اہم ممالک میں جاپان اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں جہاں سے بالترتیب 13 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری ہوئی، رواں مالی سال کے گزشتہ 8 ماہ کے دوران مجموعی ایف ڈی آئی 78 کروڑ 44 لاکھ ڈالر تھی جبکہ اسی دوران گزشتہ برس ایک ارب 31 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی اور یوں 40.4 فیصد کمی آئی۔