زمان پارک آئے کارکنوں نے پی ٹی آئی قیادت کو بے نقاب کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی حفاظت کیلئے زمان پارک میں آئے پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان نے اپنی ہی قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان پر درج مقدمات کے بعد ان کی کال پر درجنوں کارکنان ان کی متوقع گرفتاری کو روکنے اور ان کی حفاظت کیلئے زمان پارک پہنچے ہیں، جن کو ’پی ٹی آئی ٹائیگرز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ انہیں ٹائیگرز میں سے ایک ٹائیگرس نے زمان پارک سے نکلنے والے پی ٹی آئی PTI رہنماؤں کی گاڑیوں کو روک کر ان سے زمان پارک چھوڑنے کی وجہ دریافت کی، جس پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے طرح طرح کے بہانے بنائے۔
تحریکِ انصاف کی خاتون ورکر کا کہنا ہے کہ ان نام نہاد لیڈروں کا اس بات سے کوئی تعلق نہیں کہ زمان پارک میں حالات کس طرف جا رہے ہیں یہ صرف پارٹی ٹکٹ لینے کی خاطر یہاں آتے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش، حفاظتی ضمانت منظور
حال ہی میں ایک ٹک ٹاکر نے اس پی ٹی آئی ٹائیگرس کا انٹرویو کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر ایم این اے اور ایم پی اے صرف ٹکٹ لینے آئے ہوئے ہیں، ہم یہاں پر پچھلے چار دن سے یہاں ہیں، کوئی فورچونر اور بڑی گاڑی اپنے ورکرز لے کر پچھلے چار دن سے یہاں نہیں آئی۔
دوران انٹرویو ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم بڑی تمیز کے ساتھ ان سے پوچھتے ہیں تو کہتے ہیں کہ چائے پینے جا رہے ہیں، کسی کی شوگر لو ہو گئی ہے تو کوئی کھانا کھانے جا رہا ہوتا ہے، ہم پچھلے چار دن سے یہاں موجود ہیں مطلب مردِ مجاہد تو ہم لوگ ہیں، لڑنا صرف ہم نے ہے اور مرنا بھی صرف ہم نے ہے، گھروں میں بیٹھی ہماری مائیں ہمارے لیئے دعائیں کر رہی ہیں، یہ لوگ صرف آتے ہیں اور ٹکٹس لے کر چلے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی کال پر ملک بھر سے پی ٹی آئی کارکنان ان کی حفاظت کی غرض سے پچھلے کئی دنوں سے زمان پارک موجود ہیں۔ گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی ٹائیگرز اور پولیس کے درمیان کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں جس میں پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا گیا اور پولیس گاڑیوں کو جلانے جیسے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔ تاہم پولیس کی جانب سے کارکنان پر آنسوگیس اور واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش، حفاظتی ضمانت منظور
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ان کی حکومت کو امریکی سازش کے ذریعے ہٹایا گیا جس پر امریکہ نے اس خبر کی تردید کر دی تھی۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ انہیں گرفتار کر کے نااہل قرار دے دیا جائے گا کیونکہ ان کے سیاسی حریف ان کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ ان پر مقدمات کے اندراج کے بعد وہ اپنے کارکنان اور حامیوں کو سڑکوں پر نکلیں کی اپیل کرتے رہتے ہیں تا کہ ان کی گرفتاری کو روکا جا سکے۔