منیب بٹ نے" سرراہ" میں اپنے کردار پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا

Mar 21, 2023 | 19:23:PM

 (ویب ڈیسک) پاکستانی معروف اداکار منیب بٹ نے اپنےحالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے ڈرامہ سیریل"سرراہ " میں اپنے کردار پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جاری ہونے والا پاکستانی ڈرامہ سیریل ’’سرراہ  ‘‘میں  منیب بٹ نے خواجہ سراہ کا کردار اداکیا جسے سوشل میڈیا صارفین ناپسند کرتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بنایا ، جبکہ پاکستانی معروف فیشن آئیکون ماریہ بی نے بھی منیب بٹ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ " بچے کو شریعت کے مطابق لڑکا یا لڑکی بننے کی رہنمائی کرنے کے بجائے یہاں بچے کو ٹرانسجینڈر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے .انہوں نے انتہائی سخت الفاظ کا انتخاب کرتے ہوئے لکھا کہ" اب پاکستانیوں کے جاگنے کا وقت آگیا ہے، کیا ایجنڈا اب بھی واضح نہیں؟ "لعنت" ان تمام لوگوں پر جنہوں نے اس کام کے لیے اپنے آپ کو ہی بیچ دیا اور ہمارے بچوں کی تباہی میں برابر کے شریک ہیں ".

معروف اداکار منیب بٹ نے ہونے والی تنقید کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ "ہم  یہودی نہیں بلکہ مسلمان ہیں اور ڈراما ایجنڈا کے تحت نہیں بنایا گیا"۔منیب بٹ نے ماریہ بی کا نام لیے بغیر ان کے بیان پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ" انہیں ان کا بیان سن کر دکھ ہوا، کیوں کہ انہوں نے کہا تھا کہ اداکاروں نے خود کو بیچ ڈالا اور انہوں نے الزام لگایا کہ "سر راہ" کو ایجنڈا کے تحت بنایا گیا"۔اداکار کے مطابق پہلے تو ڈرامے کو کسی ایجنڈا کے تحت نہیں بنایا گیا اور دوسری بات یہ وہ بھی یہودی نہیں بلکہ مسلمان ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ کون سی باتیں یا کون سی چیزیں خلاف اسلام ہوتی ہیں۔منیب بٹ کے مطابق لوگوں نے ڈرامے کا پس منظر سمجھے بغیر ان پر الزام لگانا شروع کیے اور ڈیزائنر کی بات انتہائی خطرناک تھی کہ ڈرامے کو ایجنڈا کے تحت بنایا گیا"۔انہوں نے کہا کہ "ڈیزائنر کی بات پر یقین کرکے اگر کوئی ان پر حملہ کردیتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟"اداکار نے مزید کہا کہ "بعض لوگ معاملات یا حقائق کو مکمل طور پر سمجھے بغیر سرٹیفکیٹ تقسیم کرنا شروع کردیتے ہیں"۔منیب بٹ نے مزید کہا کہ" ان کے والدین نماز کے پابند ہیں اور وہ بھی نماز پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں، وہ کبھی اسلام کے احکامات کے خلاف کام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور اگر کبھی ایسا کوئی کام کرنے کا سوچیں گے تو سب سے پہلے والدین انہیں منع کریں گے""۔

اداکار  کے مطابق "سر راہ" کے ڈرامے کے ایک سین پر سب سے زیادہ تنازع ہوا، جس میں والد اپنے بچے کو سمجھانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔منیب بٹ نے انکشاف کیا کہ "سر راہ" میں کردار ادا کرنے سے کافی عرصہ قبل انہیں اسی طرح کے ایک کردار کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے ڈر کے مارے وہ کردار ادا نہیں کیا تھا لیکن "سرراہ "کا سکرپٹ پڑھتے ہی فوری ہاں کردی اور انکے اہل خانہ نے انہیں خوب سراہا"۔

واضح رہےکہ "سر راہ" میں صبا قمر، حریم فاروق، سنیتا مارشل، صبور علی، منیب بٹ اور فضیلہ قاضی سمیت دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔اس ڈرامے کو عدیل رزاق نے لکھا جبکہ احمد بھٹی نے ڈائریکٹ کیا ۔

مزیدخبریں