(24 نیوز )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ، جبکہ مختلف حادثات میں 13سالہ لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے ۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، چاروں صوبوں سمیت کشمیر میں 6.8 شدت کا شدید زلزلہ محسوس کیا گیا ، شہری استغفراللہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں ، عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ کے باعث شموزئی میں دیوار گرنے سے 15سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، دوسری طرف سوات کے علاقے مدین میں دیوار گرنے سے 13سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ، صرف اتنا ہی نہیں شدید زلزلہ کے باعث کالام روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے راستے بھی بند ہو گئے ہیں ۔
ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت6.8ریکارڈ کی گئی ہے ، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ہے جبکہ زیر زمین زلزلے کی گہرائی 181 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلہ پاکستان کے علاوہ بھارت، افغانستان ، تاجکستان اور ترکمانستان میں بھی محسوس کیا گیا ہے۔