(ویب ڈیسک)معروف پاکستانی اداکارہ امرخان نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل"جنجال پورہ" میں بطور مصنفہ ڈیبیو کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ امر خان کا کہنا ہے کہ بطور رائٹر اور مرکزی کردار کام کرنے کا یہ ان کا پہلا موقع ہے، ڈرامے میں ان کا کردار "ہیر جٹ" کا ہے، اپنے کریکٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "ہیر جٹ ایک ایسی لڑکی ہے جو اپنے حالات سے بڑھ کر بڑے بڑے خواب دیکھتی ہے، وہ ایک مصروف ٹک ٹاکر ہے جواپنی تسلی اور سوشل میڈیا پر متحرک رہنے کے لئے مشغول رہتی ہے اور پنجابی جٹ کی طرح بہادر ہے"۔
سٹوری لائن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے صرف اتنا بتایا کہ "یہ سن 80 اور 90 کی دہائی کے ففٹی ففٹی، سونا چاندی اور انکل عرفی جیسے مشہور سچویشنل ڈراموں سے متاثر ہوکر لکھا گیا ہے"۔
امرخان نے اپنے کردار ہیر جٹ کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "ان کے نزدیک یہ ایک کردار ہی نہیں ایک گہرا تاثر ہے۔ اس ڈرامہ سیریل میں رومانس، ٹکراواور پیروڈیز کے ملے جلے انداز کے ساتھ پاپ کلچر کو پیش کیا گیا ہے جو ناظرین کے لئے دلچسپی کا باعث ہوگا"۔امر خان کے مطابق جنجال پورہ ایک منفرد ڈرامہ ہوگا جس میں وہ بطور مصنفہ اور اداکار دو حیثیتوں میں کام کررہی ہیں جبکہ باصلاحیت کاسٹ اور خوبصورت سٹوری لائن بھی اس ڈرامے کی خصوصیت ہے۔
خیال رہے کہ یہ ڈرامے کو سیونتھ سکائے کے مشہور پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی ہدایات صائمہ وسیم نے دی ہیں۔