چودھری سالک حسین سے گرینڈ مفتی بوسنیا کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چودھری سالک حسین سے گرینڈ مفتی بوسنیا ہرگزوینیا ڈاکٹر حسین نے ملاقات کی،وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے گرینڈ مفتی بوسنیا ہرزگوینیا کو قائد اعظم ایوارڈ کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی ،ملاقات میں بوسنیا کے سفیر ، اعزازی قونصل جنرل بوسنیا اور وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ارشد بھی موجود تھے،صدر مملکت پاکستان گرینڈ مفتی بوسنیا ہرزگوینیا ڈاکٹر حسین کو 23مارچ کو ستارہ قائد اعظم سے نوازیں گے ۔
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے وزارت کے ماتحت اداروں کی کارگردگی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ، چودھری سالک حسین نے کہاکہ وزارت کے تحت چلنے والے ادارے ملکی اور سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح کیلئے مصروف عمل ہیں۔
گرینڈ مفتی ڈاکٹر حسین نے کہاکہ پاکستان اور بوسنیا کے عوام مضبوط رشتے میں بندھے ہیں ،گرینڈ مفتی نے بوسنیا ہرزگوینیا میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
گرینڈ مفتی ڈاکٹر حسین نے کہاکہ مسلم امہ میں پاکستان کا اہم کردار ہے، بوسنیا ہرزگوینیا کو غیر ملکی افرادی قوت درکار ہے،پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے،پاکستانی ہنر مند بوسنیا کی ضرورت کے مطابق خدمات سرانجام دے سکتے ہیں ،پاکستان اور بوسنیا افرادی قوت کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔وفاقی وزیر اور گرینڈ مفتی نے ملاقات کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے بہترین قرار دیا.
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے اضافہ