(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کے سچ نے پی ٹی آئی کا جھوٹ کا بیانیہ دفن کر دیا ہے، ڈونلڈ لو کی کانگریس کی کمیٹی میں پیشی سے پی ٹی آئی کی توقعات مٹی میں مل گئیں۔
لیگی رہنما حنیف عباسی کا کہناتھا کہ جھوٹوں کی جماعت جھوٹ پکڑے جانے پر بھی جھوٹ ہی بول رہی ہے،امریکہ میں لابی کرنے کیلئے پی ٹی آئی نے لاکھوں ڈالر خرچ کئے، نتیجے سے مایوس ہو کر گوہر خان بہکی ہوئی باتیں کر رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی اور اس کے خودساختہ چئیرمن دونوں کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی چاہئے، ان کا کہناتھا کہ بانی چئیرمین اور پی ٹی آئی جھوٹ بولتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، دو سال سے یہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ۔
حنیف عباسی نے کہاکہ 35 پنکچر سے لے کر سائفر تک ان کا ہر دعوی، ہر الزام اور ہر وعدہ جھوٹ نکلا ،شہباز شریف پر پانامہ کیس میں 10 ارب کا جھوٹ باندھا، 2017 سے اب تک جھوٹا الزام لگانے والے ثبوت نہیں دے سکے،7 سال سے ہر پیشی پر عمران نیازی جھوٹا ثابت ہو رہا ہے لیکن شہباز شریف اور قوم سے معافی نہیں مانگی ۔
ان کا کہناتھا کہ 300 کنال کے غیر قانونی بنی گالہ محل، 190 ملین پاؤنڈ کی ڈکیتی، گھڑیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، القادر یونیورسٹی، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، عمران نیازی کے جھوٹوں کی فہرست بہت طویل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روپیہ تگڑا ہونے لگا ڈالر کے بعد دیگر کرنسیوں کو بھی رگڑا