ڈی آئی خان؛ سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 10خوارج واصل جہنم ،کیپٹن حسنین اختر نے جام شہادت نوش کیا

Stay tuned with 24 News HD Android App

(احمد منصور)ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کیخلاف آپریشن میں 10 دہشتگرد واصل جہنم ہو گئے جبکہ کیپٹن حسنین اختر نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف خفیہ آپریشن کیا،کارروائی کے دوران 10خوارج واصلِ جہنم ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن کو گھیر کر مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حسنین اختر شہید ہو گئے۔کیپٹن حسنین اختر بہادری اور جرأت مندانہ کارروائیوں کے لیے مشہور تھے۔
آپریشن کے دوران خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے،علاقے میں مزید خوارج کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم مزید مضبوط ہے۔
اضافی معلومات
25 سالہ کیپٹن حسنین اختر شہید کا تعلق ضلع جہلم سے ہے،کیپٹن حسنین اختر شہید نے 4 سال دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا ،کیپٹن حسنین اختر شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔