مولانانے بجلی کا بل کم کرنے کا زم زم نسخہ بتا دیا،آپ بھی آزمائیں

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک) رمضان المبارک کے پورا مہینے میں تمام ٹی وی چینلز پر خصوصی رمضان نشریات پیش کی جا رہی ہیں، اور اس دوران ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان جویریہ سعود کے رمضان پروگرام میں ایک مولانا کی جانب سے بجلی کا بل کم کرنے کے وظیفے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
رمضان نشریات کے پروگرامز میں ہونے والی بات چیت کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں سے کچھ ویڈیوز پر ناظرین کی جانب سے تنقید اور برہمی کا اظہار بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
دو روز قبل ایک نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے جویریہ سعود کے رمضان شو میں کراچی کے ایک شہری نے سوال کیا کہ ان کا بجلی کا بل بہت زیادہ آتا ہے، اور انہوں نے اس مسئلے کا حل یا وظیفہ پوچھا۔اس پر پروگرام میں موجود مولانا آزاد جمیل نے شہری کو بجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتایا اور کہا کہ یہ مسئلہ ہر گھر کا ہے، کہ بجلی کا بل زیادہ آتا ہے،مولانا صاحب نے وضاحت کی کہ ہر مہینے دو بار اس عمل کو کرنے سے بل میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔مولانا صاحب نے پروگرام میں کہا کہ ‘بٹن دباو تو بجلی نہیں، نلکی چلاو تو پانی نہیں، چولہا جلاو تو گیس نہیں، اور یہ ہر گھر کی مشکلات ہیں۔‘ انہوں نے بجلی کے بل کو کم کرنے کے لیے وظیفہ بتاتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے ہاں بل زیادہ آتا ہے، وہ بجلی کے میٹر پر شہادت کی انگلی سے ’زم زم‘ لکھیں، اس سے بل میں کمی آئے گی۔اس سے قبل بھی اسی مولانا صاحب نے ٹریفک چالان سے بچنے کا وظیفہ بھی بتایا تھا، اور پانچویں شادی کے خواہشمند شہری کو بھی مشورے دیے تھے، جن کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
پروگرام کے دوران ایک اور شخص نے کرنٹ لگنے سے بچنے کا وظیفہ پوچھا، جس پر مولانا صاحب نے مشورہ دیا کہ جو افراد بجلی کا کام کرتے ہیں، وہ یہ وظیفہ پڑھ کر کام کریں تو کرنٹ نہیں لگے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو افراد بجلی کا کام نہیں جانتے، وہ اس سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:عاقب جاوید نے کہا تم پانچ زیرو بھی کرو گے تو کھیلو گے،اعتماد دینے کا شکریہ،حسن نواز