اسرائیلی بمباری، فلسطینی شہدا کی تعداد  242 تک جا پہنچی

May 21, 2021 | 12:10:PM

(24 نیوز)فلسطین کے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جارحیت دسویں روز بھی جاری رہی۔ عرب میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی جارحانہ فضائی حملوں اور بمباری کے باعث 67 بچوں سمیت 242 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق  فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید افراد میں 36 خواتین بھی شامل ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کاروائیوں میں 4 بچوں سمیت 26 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔مقبوضہ بیت المقدس میں ایک فلسطینی شہید اور 1108 زخمی ہوئے ۔ حماس نے کہا ہے کہ اس کے کم از کم 20 جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان کی ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 130 ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک فضائی حملوں میں کم از کم242 فلسطینی ہلاک ہو چُکے ہیں جن میں 67 بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1500 سے زائد ہے ۔ حماس کے راکٹ حملوں میں اسرائیل میں ایک 5 سالہ لڑکے سمیت 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے ۔

تازہ ترین اطلاعات کےمطابق پاکستان اور ترکی سمیت عالمی دباؤ کے اثرات کے بعد حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا۔ اسرائیلی کابینہ نے بھی جنگ بندی کی منظوری کے فیصلے کی تصدیق کر دی۔گیارہ روز بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔ سیز فائر معاہدے میں مصر نے ثالث کا کردار ادا کیا۔ مصر نے سیز فائر کی مانیٹرنگ کیلئے دو وفود اسرائیل اور فلسطین بھجوا دئیے ہیں۔پاکستان کی جانب سے اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا یہ جنگ بندی فلسطین میں قیام امن کی طرف پہلا قدم ہے، جنگ بندی کا فیصلہ ہر شخص اور ہر قوم کی کوشش سے ہوا، فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کا خاتمہ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی دباؤ کے اثرات۔ حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی کا آغاز

 

مزیدخبریں