مسائل حل ..ترین گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات۔۔بڑا اعلان کردیا

May 21, 2021 | 15:09:PM

(24نیوز) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے نامزد گروپ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہوئی جس میں عثمان بزدار نے ارکان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔تما م ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے لیڈر سعید اکبر نوانی، نعمان لنگڑیالم اجمل چیمہ، عون چودھری، عمر آفتاب، نذیر چوہان اور زورا وڑائچ شامل تھے۔جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر عثمان بزدار نے انہیں تحفظات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٗ پنجاب کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اور میرے دروازے آپ سب کےلئے کھلے ہیں، کبھی کسی سے ناانصافی کی اور نہ کریں گے۔انتقام کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں، آپ کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا، ہماری پارٹی کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کی عمل داری پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین گروپ کے لیڈر   سعید اکبر نوانی نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حقیقت ہے، پہلے بھی کہا تھا افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں ہم نے کھل کر بات کی، بجٹ بھی ڈسکس کیا، ہم حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیراعلیٰ سے جو بات ہوئی اس پر مکمل مطمئن ہیں۔سعید نوانی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ شفاف انکوائری ہوئی اس کا جو بھی نتیجہ آئے گا قبول ہوگا۔ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ  آج ہمارا وفد وزیراعلیٰ سے ملا ہے،  وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ جہانگیر ترین سے ناانصافی نہیں ہوگی، ہم  پی ٹی آئی کا حصہ تھے ، ہیں اور رہیں گے۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبائی حکومت دباؤ ڈال رہی ہے اس لئے اسمبلی میں آواز اٹھانے کے لئے گروپ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بڑی تبدیلی۔۔وزیراعظم میدان میں۔۔
 

مزیدخبریں