شاہ محمود کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات۔۔ فلسطینیوں پر تشدد پر گہری تشویش کا اظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس کے ساتھ ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو نہتے فلسطینیوں پر ، طاقت کے بے رحمانہ استعمال اور معصوم فلسطینی شہریوں ، عورتوں اور بچوں کی شہادتوں پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے منظم اور بے دریغ استعمال کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں بتائی جا رہی ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے اس دورہے کا مقصد جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے ذریعے ، نہتے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنا اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی پائمالیوں کی جانب مبذول کروانا ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان، فلسطینیوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے ۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے سیز فائر کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ اس اعلان سے مسئلہ فلسطین کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے میں مدد ملے گی ۔
وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری راہنماوں کی غیر قانونی نظر بندیوں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات سے آگاہ کیا شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں مستقل قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل، ناگزیر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اتفاق رائے خوش آئند ہے ،پاکستان ہمیشہ سے ہمسایوں کے ساتھ پر امن تعلقات کاحامی رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کی ذمہ داری، ہندوستان پر عائد ہوتی ہے، وزیر خارجہ نے، اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے، مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کی ضرورت پر زور دیا وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے اور افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے، تمام فریقین، مل بیٹھ کر، جامع سیاسی مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے ۔
وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ مظلوم فلسطینیوں پر جاری منظم اور بہیمانہ مظالم کی روک تھام اور عالمی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروانے کیلئے اہم سفارتی مشن پر نیویارک میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔مولانا فضل الرحمان کا بجٹ کے حوالے سے اہم اعلان