(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے شائقین کو اپنے سحر میں جکڑنے والے ڈرامے ’تیرے بن‘ کی 46 ویں قسط کے اختتامی مناظر کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلی قسط میں ڈرامے میں ریپ دکھایا جائے گا۔
ڈرامے کی 46 ویں قسط میں ڈرامے کے ایک منظر میں وہاج علی کو چھوٹی بچی کی جانب سے پرچی دیے جانے کے بعد گھر کے ہی ایک کمرے میں جاتے دکھایا گیا ہے، جہاں ان کی اہلیہ کے بجائے سبینہ فاروق موجود ہوتی ہیں اور وہ وہاج علی کو کمرے میں داخل ہوتے ہی پیچھے سے گلے لگا لیتی ہیں۔ عین اسی دوران کمرے میں وہاج علی کی اہلیہ یمنیٰ زیدی داخل ہوتی ہیں جو شوہر کو دوسری خاتون کے گلے میں دیکھ کر آگ بگولا ہوجاتی ہیں۔
اسی دوران وہاج علی اہلیہ کو سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ انہیں ایک بچی نے پرچی دی، جس کے بعد انہوں نے سمجھا کہ شاید اہلیہ نے انہیں بلایا ہے لیکن یمنیٰ زیدی ان کی بات پر یقین نہیں کرتیں۔
جس کے بعد یمنیٰ زیدی بھی غصے میں آکر کمرے سے نکلنا چاہتی ہیں تو انہیں وہاج علی ہاتھ پکڑ کر روک لیتے ہیں۔وہاج علی کی جانب سے روکے جانے پر یمنیٰ زیدی انہیں تھپڑ رسید کردیتی ہیں، جس کے بعد بحث کے دوران وہ ان کے منہ پر تھوک بھی دیتی ہیں۔
تھپڑ کھانے اور منہ پر تھوک پڑنے کے بعد وہاج علی طیش میں آکر کمرے کا دروازہ بند کرکے اہلیہ یمنیٰ زیدی کو دھمکی دیتے ہیں کہ ان کے درمیان شادی کے وقت ہونے والے معاہدے کی کیا اوقات تھی۔
وہاج علی کی جانب سے تھپڑ کھاکر دروازے کو بند کیے جانے پر شائقین نے اندازہ لگایا ہے کہ اگلی یعنی 47 ویں قسط میں ریپ کو دکھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں 47 ویں قسط کے جاری کیے گئے ٹیزر میں بھی اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر اگلی قسط میں ریپ کو دکھایا جائے گا۔
جاری کیے گئے ٹیزر میں یمنیٰ زیدی کے چہرے پر تشدد کے نشانات دکھائے گئے ہیں اور انہیں بسترکے قریب زمین پر بیٹھ کر روتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مذکورہ ٹیزر کو دیکھنے کے بعد اب لوگ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ڈرامے کی لکھاری نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈرامے میں اہلیہ کی جانب سے شوہر کو تھپڑ مارنے اور ان کے منہ پر تھوکے جانے کے معاملے کا دفاع کیا اور دعویٰ کیا کہ مذکورہ بات شائقین کے مطالبے کے بعد شامل کی گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ڈرامے میں دکھائے جانے والے تمام مناظر پہلے بھی پیش کیے جا چکے ہیں لیکن چوں کہ ان کا ڈراما بہت مقبول ہوا ہے، اس لیے لوگ اس پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
انہوں نے واضح نہیں کیا کہ اگلی قسط میں ازدواجی ریپ کو دکھایا جائے گا یا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ شائقین کو پورا ڈراما دیکھے بغیر کچھ مناظر پر رائے نہیں دینی چاہیے۔
اب ڈرامے کی اگلی قسط 24 مئی کو نشر کی جائے گی اور ممکنہ طور پر 25 مئی کو ڈرامے کی آخری قسط یعنی 48 ویں قسط نشر کی جائے گی، تاہم ڈرامے کی آخری قسط کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔