وزیراعلیٰ پنجاب نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا

چارجز بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا لیکن بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، مخالفت کریں گے،مریم نواز

May 21, 2024 | 15:03:PM
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤدلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں انہوں نے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے واٹر چارجز بڑھانے سے روک دیا۔

اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لئے واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی تھی جب کہ ہائیڈور پاور پراجیکٹس واٹر چارجز میں اضافے سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا اندیشہ تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ چارجز بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا لیکن بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، مخالفت کریں گے۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ آؤٹ سورسنگ ماڈل کو وزیراعلی مریم نواز نے مجوزہ سینی ٹیشن چارجز کم کرنے کا حکم دیا، انہوں نے محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینی ٹیشن چارجز میں 50 فیصد سے زائد کم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ پنجاب میں 19.85 ملین رہائشی یونٹس اور 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں جب کہ 5 مرلہ تک 300 روپے، 10 مرلہ کے گھر پر 500 روپے سینی ٹیشن چارجز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں دس مرلہ تک 200 اور دس مرلہ سے بڑے گھروں پر 500 سینٹری چارجز لاگو ہوں گے۔

علاوہ ازیں 685 ملین روپے سے 2 سڑکوں کی تعمیر کے لئے پی ایس ڈی پی 2023-24 کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ لوئر ٹوپا مری سے چوک پنڈوری براستہ کوٹلی ستیاں 123 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جارہی ہے۔ صالم سے سرگودھا براستہ بھلوال اجنالہ 47 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔

اجلاس میں گرین پاکستان پروگرام کے لئے فنڈز کی منظوری دی گئی جب کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ایپلٹ ٹریبونل کے اکاؤنٹس گروپ ممبر کے لئے الاؤنس کی منظوری اور اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کے لئے حج کا وعدہ پورا کرکے 20 ملین فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ حج پر جانے والی خواتین کو خود روانہ کروں گی۔ سالانہ ترقیاتی پلان 2023-24 میں سپورٹس کمپلیکس گاؤ شالا لاہور پراجیکٹ شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

ٹھالیاں سے سنگ جانی راولپنڈی رنگ روڈ فیزٹو کی فیزیبلٹی اور ڈیزائن کنسلٹنسی سروسز کے لئے پی سی ٹو کو بطور سپلیمنٹری پراجیکٹ شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

لاہوراور فیصل آباد میں 400 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سولرانرجی پر منتقل کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فلٹریشن پلانٹس کے سولرسسٹم کی انسٹالیشن اور10 سال کے لئے آپریشنل اینڈ مینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کے بارڈرز پر چیک پوسٹ کی تعمیر کے پروگرام کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 2023-24 میں شامل کرنے کو منظور کیا گیا، موبائل ایپلی کیشن ای پے پنجاب پر دی جانے والی سروسز پر پی آئی ٹی بی کے لئے سروس چارجز کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار, انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تبدیل کرنیکا فیصلہ

بریفنگ میں انہیں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس کی ادائیگی پر 100 روپے اور دیگر ٹرانزیکشنز پر 15 روپے سروسز چارجز لاگو ہوں گے۔ 2019 سے ابھی تک ای پے پنجاب سے 54 لاکھ ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔

بریفنگ میں یہ بتایا گیا کہ فیروز پور روڈ سے گارمنٹس سٹی کے لئے 306 ملین روپے سے ایکسس روڈ تعمیر کی جائے گی۔

اجلاس میں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، قانون، آئی اینڈ سی، انفارمیشن اینڈ کلچر، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔