پرویزالٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس ، عدالت نے سماعت 10جون تک ملتوی کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)ایف آئی اے میں پرویز الہی فیملی کے خلاف 24 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نےسابق وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی اور دیگر کیخلاف کیس کی سماعت 10 جون تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے خلاف 24 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج شیخ تنویر احمد نےکی،
کیس میں چودھری پرویز الہیٰ کو جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا گیا،چودھری پرویز الہی کا جیل سے میڈیکل سرٹیفکیٹ سپیشل سینٹرل کورٹ میں پیش کیا گیاجس میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہی بیمار ہیں ان کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں ،جب تک پرویز الہی کے میڈیکل ٹیسٹ نہیں ہوتے وہ بیڈ ریسٹ پر رہیں گے، ڈاکٹرز کی جانب سے سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے،عدالت نے پہلی سے ہی پرویز الہی کی بیماریوں پر میڈکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے رکھا ہےجبکہ پرویز الہی نے مختلف میڈیکل ٹیسٹ کرانے اور علاج کی سہولت کیلیے استدعا کر رکھی ہے۔
وکلاء پرویز الہی کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کی جیل میں گرنے سے پسلی فریکچر ہوئی تھی ،پرویز الہی دیگر امراض میں بھی مبتلا ہیں جبکہ ان کو سانس لینے میں بھی مشکل پیش آتی ہے،ایف آئی اے نے پرویز الہی کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروا رکھا ہے،ایف آئی اے نے پرویز الہی اور مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف 24 ارب روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
دوسری جانب عدالت نے مونس الٰہی کے ریڈ وارنٹ پر کاروائی کیلئے انٹرپول سے رابطہ تیز کرنے کا حکم دے رکھا ہے ،عدالت نے اس کیس میں مونس الہی کو اشتہاری بھی قرار دے رکھا ہے۔