پی ڈی ایم رہنما عوامی تحفظ سے کھیل رہے ہیں

Nov 21, 2020 | 12:21:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں کورونا کیسز کے تیزی سے بڑھنے کے باوجود پی ڈی ایم کے جلسے کے اعلان پر رد عمل میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما عوامی تحفظ سے کھیل رہے ہیں۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سخت لاک ڈان کے خواہشمند پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کررہے ہیں، پی ڈی ایم ارکان غیر ذمہ دارانہ سیاست کرکے عوام کی سیفٹی سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ارکان عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جلسہ کررہے ہیں اور جلسہ ایسے وقت کیاجا رہا ہے جب کورونا کیس ڈرامائی طور پر بڑھ رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کے رہنما وہی ہیں جو سخت لاک ڈاون چاہتے تھے، یہ پی ڈی ایم رہنما پہلے مجھ پر تنقید کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)اسد عمر کا کہنا ہے کہ پشاور میں کورونا خطرناک حد تک بڑھ گیا ،لیکن اپوزیشن جلسہ کرنے کیلیے بضد ہے۔ پشاور میں کورونا کیسز کی شرح 13 اعشاریہ 39 فیصد رہی۔اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا ،کہ پشاور میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13.39 فیصد رہی، پشاور میں کورونا کے 202 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں، 18مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جس میں سے 14 شدید بیمار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کے باوجود پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے کہ ہم اسٹیج پر محفوظ ہیں، عوام کی فکر کس کو ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور عمران خان کا شہر ہے، اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کرے گی، اپوزیشن شاید پشاور کی عوام سے بدلہ لینا چاہتی ہے۔

مزیدخبریں