(علی حمزہ)حیدرآباد کا خوبصورت شاہکار محل نما مکھی ہائوس منفرد ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی بھی ہے، قدیمی عمارت میں ساگوان اور شیشم کی لکڑیوں سے ہونے والا دلکش اور پرکشش کام اس عمارت کو مزید منفرد کردیتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مکھی ہائوس حیدرآباد کے وسط میں 1920 سے قائم ہے جسے جیٹھانند مکھی نامی معروف شخصیت نے اپنی رہائش کے لیے خواہش کے مطابق بناکر مکھی محل کا نام دیا ، نفاست اور مہارت سے بنایا گیا یہ محل گزشتہ سالوں سے کچھ وقت کے لیے اپنی حقیقی حالت کھوچکا تھا ،کسی زمانے میں یہ محل ہندوستاتی سفارتخانہ اور بعد ازاں ایف سی کا ہیڈ کوارٹر بھی رہا۔مکھی محل کی خوبصورت در و دیواروں کو جب نقصان پہنچا ، لسانی فسادات میں اس کے قیمتی در و دیوار و سامان کو جلاکر راکھ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ،مکھی محل کی تاریخی اہمیت اور خوبصورتی کو دیکھتے ہوئے محکمہ ثقافت نے رواں سال اس کا دوبارہ افتتاح کرکے میوزیم کی شکل دے دی اور اب یہ مکھی محل مکھی ہائوس میں بدل گیا۔موجودہ مکھی ہائوس کو دوبارہ محل جیسی وقعت تو نہیں مل سکی، لیکن اس کی خوبصورتی کو چار چاند لگاکر تاریخی اشیا کو اس کی زینت بنادیا گیا ہے ،جس سے مکھی ہائوس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
شاہکار مکھی ہائوس منفرد ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی بھی ہے
Nov 21, 2020 | 13:10:PM