کرونا: آئندہ 4 سے 10 ہفتے انتہائی اہم،پشاور میں زیادہ کیسز،سلیم جھگڑا

Nov 21, 2020 | 15:05:PM

 24 نیوز: وزیرصحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں آئندہ 4 سے 10 ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، کیوں کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ، پی ڈی ایم کواپنے کارکنوں کی صحت کو مدنظر رکھ کراحتیاط برتنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ عوامی صحت اور زندگی ہماری اولین ترجیح ہے ، باقی صوبے کی نسبت پشاور میں زیادہ کورونا کیسز ہیں ، اس صورتحال میں اگر کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوا تو اس کی ذمہ دار پی ڈی ایم قیادت پر عائد ہوگی ، سیاسی سرگرمیاں ہر جماعت کا حق ہے لیکن عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ 

واضح رہے کہ  پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آ رہی ہے ، گذشتہ ایک دن میں 42 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ،  پاکستان میں کورونا کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، جب کہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے، گذشتہ ایک دن میں 42 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے جو چار ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے ، 17 جولائی کو ایک روز میں 49 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ ملک بھر میں اب تک اس وبا سے 7603 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ 

 اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے پنجاب میں 16275 ، سندھ میں 12975، خیبرپختونخوا میں 4615، اسلام آباد میں 7052, بلوچستان میں 664، گلگت بلتستان میں 302 جب کہ آزاد جموں کشمیر میں 896 ٹیسٹ کیے گئے ، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز سامنے آئے ، اس طرح دن میں کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔

مزیدخبریں