24نیوز:ہفتے کے دوران ملک میں 13 مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا, وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے جاری کردہ اپنی ہفتہ واررپورٹ میں کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جب کہ 20 کی قیمتوں میں استحکام رہا،جو اشیا گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہوئیں ان میں آلو کی قیمت میں 5.88 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا، ٹماٹرکی فی کلوقیمت میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ، انڈے کی قیمت بھی فی درجن 5.87 روپے بڑھ گئی۔ہفتہ وار جائزہ رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کا اضافہ ہوا اور خشک دودھ کی قیمت 1.39 روپے فی کلو بڑھ گئی،دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کیلے بھی 0.66 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں تین روپے 87 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ، چینی کی قیمت میں بھی تین روپے فی کلو سے زائد کی کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل، پیٹرول، دال ماش، دال مسوراور دال مونگ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹا، تازہ دودھ، گوشت، چاول، لہسن اور دہی بھی سستے ہوئے ہیں۔