گلگت کے حلقہ 3 میں انتخابی دنگل کل سجے گا

Nov 21, 2020 | 20:41:PM
گلگت کے حلقہ 3 میں انتخابی دنگل کل سجے گا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)گلگت کے حلقہ 3 میں انتخابی دنگل کل سجے گا،تحریک انصاف کے سید سیل عباس شاہ، پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر، مسلم لیگ ن کے ذوالفقار علی تتو، مسلم لیگ ق کے کیپٹن (ر) محمد شفیع خان اورسابق وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق گلگت کے حلقہ 3 میں انتخابی کل دنگل سجے گا، حلقے میں77 پولنگ سٹیشن قائم کردیئے گئے،حلقہ 3 گلگت میں 15 انتہائی حساس 32 حساس اور 30 پولنگ سٹیشن نارمل قرار دیئے گئے ہیں، پولیس نفری کی تعیناتی، پولنگ سٹاف، مٹیریل کی موثر حفاظت، مربوط کمیونیکیشن نظام اورمتعینہ نفری کی فلاح و بہبود سے متعلق انتظامات کو مکمل شکل دیکر فائنل سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا،سکیورٹی کے نقطہ نظرسے حلقہ کو 5 سیکٹرز اور 13 سب سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے،1254پولیس اہلکار اور سول آرمڈ فورس کے 500 اہلکار سمیت 1754 نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ضلع غذر کے پولنگ سٹیشن گندائی جہاں دوبارہ ووٹنگ کرائی جا رہی ہے سکیورٹی کے ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے،گندائی میں سکیورٹی کےلئے پولیس اور CEF کی 101 نفری تعینات کر دی گئی ہے،بہترین رابطہ کاری کے انتظامات کو حتمی شکل دے کر تمام پولنگ سٹیشنوں سے بذریعہ وائرلیس رابطہ قائم کر دیا گیا ہے،اس مقصد کیلئے حلقہ دو میں 10 سب کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں، الیکشن کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر نظر رکھنے کےلئے سنٹرل پولیس آفس میں الیکشن آپریشنل روم قائم کیا گیا ہے۔
گلگت میں تحریک انصاف کے امیدوار اور صوبائی صدر جعفر شاہ کی رحلت کی وجہ سے انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے، تحریک انصاف کی جانب سے سید جعفر شاہ مرحوم کے بیٹے سید سیل عباس شاہ کو ٹکٹ جاری کیاگیاہے،پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر، مسلم لیگ ن کے ذوالفقار علی تتو، مسلم لیگ ق کے کیپٹن (ر) محمد شفیع خان اورسابق وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال آزاد حیثیت میں مدمقابل ہونگے۔
یاد رہے کہ حلقہ 3 گلگت میں تحریک انصاف کے امیدوار اور صوبائی صدر جعفر شاہ کی رحلت کی وجہ سے انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے،تحریک انصاف نے اس حلقے سے سید جعفر شاہ مرحوم کے بیٹے سید سیل عباس شاہ کو ٹکٹ جاری کیاتھا۔