بنی گالہ تجاوزات از خود نوٹس کیس،سی ڈی اے کی پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع 

Nov 21, 2020 | 22:54:PM

(24 نیوز)بنی گالہ تجاوزات از خود نوٹس اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے معاملے پرسی ڈی اے نے پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی،رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے نئے ماسٹر پلان پر تاحال کام شروع نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں وفاقی ترقیاتی ادارے نے بتایا ہے کہ ماسٹر پلان 2020-40 کیلئے بین الاقوامی اور مقامی 4 کنسورشیمز سے بولیاں موصول ہو چکی ہیں،کامیاب بولی دہندگان کو پیپرا رولز کے مطابق ماسٹر پلان میں ترمیم کا کام سونپا جائے گا،ماسٹر پلان میں ترمیم کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جارہی ہیں،فضلہ اور گندگی تلف کرنے کیلئے تین ویٹ لینڈ کنسٹرکشن پراجیکٹس مکمل ہوچکے،بائیو ڈی گریڈنگ کے عمل پر چلنے والے مزید تین پراجیکٹس لگائے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق راول جھیل میں کورنگ نالے سے گندے پانی کی ملاوٹ روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں،راول جھیل میں گندگی پھیلانے والوں کو جرمانے کئے گئے،راول جھیل کے پانی میں گندگی شامل ہونے سے متعلق آئی سی ٹی اور پنجاب حکومت بھی جواب جمع کرائیں گے،اسلام آباد بلڈنگ ریگولیشنز کے تحت رواں سال اپریل سے ابتک 255 ملین ریوینو حاصل ہوچکا،بلڈنگ ریگولیشن 2020 کے مطابق 1136 رہائشی عمارتوں کی درخواستوں میں سے 625 منظور کی گئیں، کمرشل پلازوں اور مارکیٹس کی تعمیر کیلئے 48 درخواستوں میں سے 25 کو منظور کیا گیا،فضلہ تلف کرنے کا جدید سسٹم نیسپاک کیساتھ مل کر جلد شروع کیا جائے گا،سپریم کورٹ میں بنی گالہ تجاوزات کیس کی سماعت پیر کو ہوگی۔

مزیدخبریں