(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے بیشتر شہروں میں سردی بڑھتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے جس کے باعث صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے طوفان میں روز روز باہر کا کھانا بھی چیلنج بن گیا ہے جبکہ بلوچستان میں گھریلو صارفین دُہری اذیت کا شکار ہیں اور گرم چائے سے محروم شہری خون جماتی سردی میں گیس ہیٹر چلانے سے قاصر ہیں۔ لاہور کے کئی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، مہنگائی کے ہاتھوں پسے عوام اب گیس نہ ہونے کی وجہ سے سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
کراچی، پشاور، کوئٹہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، ملتان، سکھر، میرپور خاص میں گیس کی قلت نے شہریوں کو آٹھ آٹھ آنسو رلا دیا ہے،گھریلو صارفین کے علاوہ ملک کے مختلف صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی قلت سے پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں گیس کا شدید بحران۔لکڑیوں کی قیمت میں بھی اضافہ
کراچی میں خواتین دیہات کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئیں، بچوں کو 2 وقت کا کھانا دینے کیلئے لکڑیوں پر کھانا پکانے لگیں۔ شہر کے علاقوں بہادر آباد ، نمائش، لائنز ایریا، گلشن اقبال، صدر، لیاری میں گیس کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ نیو کراچی، بفرزون ، اورنگی ٹاون اور بلدیہ ٹاون میں بھی شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کی اذیت کا سامنا ہے،رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں کا کھانا خرید نہیں سکتے، سلنڈر بھی قوت خرید سے باہر ہے، حکومت مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔
دوسری جانب صنعت کاروں نے کراچی میں انڈسٹریز کو گیس دستیابی کی صورتِ حال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے،عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت بروقت زیادہ ایل این جی کارگوز منگوا لیتی تو گیس کی قلت نہ ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: پوری سردی گیس نہیں ملے گی۔ملک میں شدید بحران