(ویب ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ،خام تیل کی قیمتوں میں 5 ڈالر فی بیرل تک کمی ہوئی تاہم سعودی وزیر توانائی کی جانب سے اوپیک اجلاس میں تیل پیداوار بڑھانے پر بات چیت کی تردید کے بعد قیمتیں دوبارہ اوپر آگئیں،سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافے پر بات نہیں کر رہے، سب جانتے ہیں اوپیک پلس میٹنگ سے پہلے کسی فیصلے پر بات نہیں کرتا، اوپیک پلس کی یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی 2023 کے آخر تک رہے گی۔
سعودی وزیر کے اس بیان کے بعد دسمبر کیلئے ہونے والے سودوں میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 77 سینٹس کمی کے بعد 86.85 بیرل فی ڈالر پر آگئی۔
امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 58 سینٹس کمی کے بعد 79.50ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار نے سعودی عرب اور اوپیک ملکوں کے حوالے سے تیل کی پیداوار بڑھانے پر بات شروع کرنےکی خبردی تھی اور کہا تھا کہ اس حوالے سے اوپیک پلس ممالک کا اجلاس 4 دسمبر کو ہوگا۔
انٹر نیشنل مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 87 سینٹ کم ہونے کے بعد 86.75 ڈالرز فی بیرل تک ہو گیا،امریکی خام تیل بین الاقوامی مارکیٹ میں 87 سینٹ سستا ہونے کے بعد 79.21 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر آ گیا۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل کا بحران اور محدود اسٹاک کے متعلق تاثر بالکل غلط ہے، ملکی طلب پوری کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ہے، درآمدات کی منصوبہ بندی پروڈکٹ ریویو میٹنگ میں کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے حکومت کو احتجاجی خط لکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمیتں بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی ایڈوازی کونسل کی جانب سے وزیر مملکت مصدق ملک کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ فارمولے کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونا تھا، لیکن حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے بوجھ کو نظر انداز کر کے قیمتیں کم کیں۔
خط میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرول پر 3 روپے 21 پیسے فی لیٹر مارجن کم کرایا، اگست سے اب تک 7 ارب 55کروڑ روپے کا نقصان ہو چکا ہے، قیمتیں زبردستی برقرار رکھنے سے انڈسٹری پر بوجھ بڑھ رہا ہے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں اگلے 15روز کیلئے برقرار رہیں گی،وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے برقرار رہے گی۔