(ویب ڈیسک)جدید لاہور کے بانی سرگنگارام کی پڑپوتی امریکی سینیٹر کیشا رام ہنسڈیل نے لاہور ہائیکورٹ بار روم کا دورہ کیا،وکلا نے مہمان کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگنگام رام کی پوتی گزشتہ روز اپنے شوہر کے ہمراہ پاکستان پہنچیں،آج انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار روم کا دورہ کیا اور وکلا کے ہمراہ عمارت کے مختلف حصوں کا وزٹ کیا، اس موقع پر وہ وکلا سے گھل مل گئیں،امریکی سینیٹر کیشا رام ہنسڈیل نے اندرون لاہور کا بھی دورہ کیا،کیشا رام پڑدادا سر گنگا رام اور میڈم نورجہاں کی رہائشگاہ اور استاد دامن کی بیٹھک دیکھنے بھی گئیں۔
سر گنگا رام کی پڑپوتی اپنے شوہر کے ہمراہ اندرون شہرپہنچیں،کیشا رام نے اپنے پڑدادا سرگنگا رام کی ٹیکسالی میں واقع رہائشگاہ کا دورہ کیا اور تصاویر بنوائیں۔کیشا رام نے اندرون میں میڈم نورجہاں کی رہائشگاہ اور استاد دامن کی بیٹھک بھی دیکھی۔۔سر گنگا رام کی پڑپوتی رنگیلے رکشہ میں سوار ہوکر دہلی دروازہ پہنچیں۔
معزز مہمان نے دہلی گیٹ میں کرافٹ گھر،شاہی حمام،گلی سورجن سنگھ،مسجد وزیر خان کا بھی نظارہ کیا اور بحالی کے کام کو سراہا،اندرون شہر آمد پر کیشام رام کی دیسی روایتی لاہوری کھابوں سے تواضع کی گئی،کیشارام نے فن تعمیر کے تمام نمونوں اور یادگاروں کو سراہا اور اندرون شہر میں جاری بحالی کے کام کی پذیرائی کی۔
گزشتہ روز انہوں نے اپنے پردادا رائے بہادر سر گنگا رام کی سمادھی پر حاضری دی،متروکہ وقف املاک بورڈ ، لاہور سنگت کے ارکان، سول سوسائٹی اور گنگا رام ٹرسٹ سے وابستہ عہدیداروں نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکی سینیٹر نے سمادھی پر مذہبی رسومات ادا کیں۔ اس کے بعد آنے والے معززین اور دیگر مہمانوں کو سمادھی کے مرکزی صحن میں سر گنگا رام کی زندگی، خدمات اور کارناموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
جدید لاہور کے بانی سر گنگا رام کی پوتی کیشا رام 2021 میں امریکی سینیٹ کی رکن منتخب ہوئیں تھیں،کیشا رام ریاست ورمونٹ سے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے سینیٹر منتخب ہوئی تھیں انہوں نے شلوار قمیض پہن کر تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔
اس سے قبل بھی وہ سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہیں،وہ 22 سال کی عمر میں برلنٹن یونیورسٹی ڈسٹرکٹ اور ہل سیکشن کی نمائندہ منتخب ہوئیں اور آٹھ سال تک خدمات سرانجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف خاندان کے دیگر افراد کیساتھ چھٹیاں گزارنے یورپ روانہ