ایم کیو ایم پاکستان کے مزید 3رہنما پیپلز پارٹی میں شامل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے مزید 3رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے،کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے خواجہ سہیل منصور، مزمل قریشی اور سیف یار خان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما سعید غنی نے کہا کہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی قبول نہیں، کراچی پر قبضے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی،سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والی شخصیات آج پیپلزپارٹی میں ہیں، پیپلزپارٹی نے سیاسی سرگرمیاں تیز کی ہیں تو ایم کیوایم کے ساتھی شامل ہوگئے، اب ایم کیوایم لوگوں کو خوفزدہ کررہی ہے جو مناسب نہیں، تمام شہریوں اور سیاسی ورکرز کو آزادی حاصل ہےکہ اپنی سیاست کا تعین کرسکیں۔
اس موقع پر ایم کیو ایم سے آنے والے خواجہ سہیل منصور نے کہاکہ ایم کیوایم کےلوگوں نے اپنےگھروں پرلوٹے لٹکائے،میرا خیال ہے یہ اپنا انتخابی نشان یہی رکھیں گے، ایم کیوایم کے لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،کراچی کی حقیقی جماعت پیپلزپارٹی ہے، ہر شخص اپنے دل سے آرہا ہے، کسی کو گن پوائنٹ پر گاڑی میں نہیں لایاجاتا،مزمل قریشی کا کہنا تھا کہ ہم سب کو یہ حق حاصل ہےکہ کسی بھی پارٹی میں جائیں، ایم کیوایم سے مزید لوگ بھی دور ہوں گے، کراچی کے لوگوں کو معلوم ہے کہ انہیں کس طرف جانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 ہزار کا نوٹ بند؟
سیف یار خان نے کہا کہ ہماری اپنی شناخت ہے، ہم شہری اور دیہی علاقوں کا فرق ختم کرنا چاہتے ہیں، دھمکی آمیز رویوں کے بارے میں کہتا ہوں جہاں سے آپ پڑھے ہیں ہم بھی وہیں سے پڑھیں ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے سابق ایم پی اے وسیم قریشی بھی پارٹی سے 36 سالہ رفاقت ختم کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔