چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی پولیس اور اداروں کوسیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے کی ہدایت

Nov 21, 2024 | 21:48:PM
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی پولیس اور اداروں کوسیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے کی ہدایت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے 24 نومبر  کےاحتجاج میں خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل و ملازمین کی شرکت روکنے کے حوالے سے بڑی پیش رفت،چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے پولیس اور اداروں کوسیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے اور ان سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری کے پی نے آئی جی خیبر پختونخواہ سمیت تمام صوبائی اداروں اور انتظامیہ سربراہان کو مراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو بلا خوف و خطر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے،ہم قانون اور آئین کے تحت قوم کے خادم ہیں،ہمیں قانون اور آئین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا،تمام ملازمین بلا خوف و خطر قانون و آئین کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں، تمام ملازمین سیاسی ہمدردی سے بالاتر ہوکر  غیر جانبداری سے فرائض ادا کریں۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے،ہمارا الائنس ریاست اور آئین کے ساتھ ہے کسی سیاسی جماعت سے نہیں،سرکاری وسائل اور اختیارات کاناجائز استعمال کسی صورت نہ کیا جائے،بطور پبلک سرونٹ آئین،قانون اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کےلئے اقدامات کریں۔سیاسی قیادت کے احکامات بھی صرف آئین اور قانون کے مطابق مانے جائیں۔

اس سے پہلے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کو وزارت داخلہ پاکستان کی جانب سے مراسلہ لکھا گیا تھاجس میں چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی تھی کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں کوئی بھی سرکاری مشینری استعمال نہ ہو،وفاقی حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری سے کہا گیا تھا کہ یقینی بنایا جائے سرکاری لوگ یا پیسہ بھی استعمال نہیں ہو گا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے وفاقی وزارت داخلہ کے مراسلے پر کارروائی کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری ملازمین کو مراسلہ لکھا۔

دوسری طرف اہلکاروں کی جلسے میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے پشاور پولیس نے بھی سرکلر جاری کردیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی نمائندوں کے ساتھ بطور سیکورٹی تعینات خیبرپختونخوا کے پولیس اہلکار کسی جلسہ جلوس میں شرکت نہیں کرینگے، خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی،سرکلر ڈی ایس پی ہیڈکواٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔