(24 نیوز)سرچ مارکیٹ پر گوگل کی اجارہ داری سے امریکی حکومت بھی پریشان ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت نے عدلیہ پر زور دیا ہے کہ وہ گوگل سے کہے کہ اپنا گوگل کروم براؤزر فروخت کردے۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں غیر معمولی انفرادیت کی حامل کمپنی گوگل پر الزام ہے کہ وہ اپنے بیشتر معاملات میں اجارہ داری کی طرف بڑھ رہی ہے اور اُس نے سرچ مارکیٹ کو مکمل طور پر شکنجے میں کس لیا ہے۔
عدالت میں پیش کی جانے والی ایک دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی محکمہ انصاف نے گوگل کی اجارہ دارانہ سرگرمیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔عدلیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ گوگل کو ایپل سمیت تمام سمارٹ فون تیار کرنے والے اداروں سے ایسے معاہدے رکنے سے روکے جن کا مقصد ان کمپنیوں کی پروڈکٹس میں گوگل سرچ انجن کو بنیادی براؤزر بنانا ہو۔
گوگل براؤزر دنیا بھر میں مقبولیت سے ہم کنار ہے۔ یہ دنیا میں سب سے زیادہ فروخت اور استعمال ہونے والا براؤزر ہے۔امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ کروم براؤزر سرچ انجن میں داخل ہونے کا اہم ذریعہ ہے۔ یہ ممکنہ حریفوں کے لیے مواقع کمزور کردیتا ہے۔ اسٹیٹ انکاؤنٹر نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت گوگل آن لائن سرچ مارکیٹ کے 90 فیصد سے زائد پر متصرف ہے