(24 نیوز)الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے لگائے جانیوالے الزامات کے کیس کی سماعت ہوئی، کمیشن نے وفاقی وزیر برائے ریلوے کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے سینیٹر اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے کیس کی سماعت کی،اعظم سواتی کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے۔ سماعت کے دوران ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سینئر وکیل سے کیس پر بریفنگ نہیں لی؟۔ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ وکالت نامہ دینے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 26 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ اعظم خان سواتی نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کئے تھے جس پرچیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر سے جواب طلب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ کے گھر چھاپہ۔۔ NCB کی تفتیشی ٹیم کو کیا ملا۔۔؟