(24 نیوز )الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قراردئیے جانے پرپی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا ۔
توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دئیے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان احتجاج کے لئے نکل آئے۔ کراچی کے کورنگی میں کارکنان نے پی ٹی آئی رہنما راجا اظہر کی قیادت میں احتجاج کیا ۔
اسی طرح پی ٹی آئی کارکنوں نے شارع فیصل پراحتجاج کیا اور متعصابہ فیصلے کے خلاف صوبائی الیکشن کمیشن جانے کا اعلان کیا، پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کی جانب مارچ کا اعلان پر پولیس کی بھاری نفری شارع فیصل پر پہنچی ان کے ہمراہ قیدیوں کی وین اور واٹر کینن بھی ہے۔
پولیس حکام کا موقف ہے کہ کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔صوبائی الیکشن کمیشن کےباہر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن کےمرکزی گیٹ کو خاردار تاریں لگا کر سیل کردیا گیا ہے جبکہ آفس کے باہرپولیس کی نفری اور موبائل تعینات کردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں پولیس کی مظاہرین پر شیلنگ
بہارہ کہو میں عوام نے شدید احتجاج کیا، پُرامن مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہے جوکہ الیکشن کمیشن کے خلاف اور عمران خان کے حق میں سخت نعرے بازی کررہی ہے۔فیض آباد انٹر چینج پر پی ٹی آئی اور عوام کے پُرامن احتجاج کے دوران پولیس نے بہیمانہ شیلنگ کردی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد کی حالت غیر ہوگئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی
پشاور میں بھی عوام سراپا احتجاج
عمران خان کی نااہلی فیصلے کے خلاف عوام کی بڑی تعداد موٹروے ٹول پلازہ پر جمع ہوئی اور انہوں نے عمران خان کے حق اور الیکشن کمیشن کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔اس موقع پر کارکنان نے ٹائر جلا کر ٹریفک کو معطل کردیا جس کے باعث حیات آباد فیز تھری چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔
لاہور
دوسری جانب پی ٹی آئی کارکنوں نے لاہور فیروز پور روڈ بند کر دی ہے ، کینال روڈ پر بھی ٹریفک بلاک ہو گئی ، پی ٹی آئی ورکرز نے شاہدرہ چوک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔کلمہ چوک میٹرو سٹیشن پر پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے جس کے باعث میٹرو بس سروس بھی معطل ہو گئی ہے، پی ٹی آئی ورکرز کے احتجاج کے باعث جیل روڈ فوارہ چوک کے مقام پر بھی ٹریفک بند ہے۔