(افضل بلال)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 19 ویں میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ورلڈکپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی،لنکن ٹائیگرز نے سماراوکرما کے ناقابل شکست 91 رن کی بدولت 263 رن کا ہدف گیارہ گیندوں قبل حاصل کرلیا۔
263رن کاہدف سری لنکا نے 48.2 اوور میں حاصل کرلیا، سماراوکرما نے 91 رن کی ناقابل شکست اننگ کھیلی،پتھم نسانکا 54 اور چریتھ اسالنکا نے 44 رن بنائے، دھننجایا ڈی سلوا 30 اور کوشل مینڈس نے 11رن بنائے۔نیدرلینڈز کے آریان دت نے 3 ،کولن ایکرمین اور میکیرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگز میں سری لنکن بولرز کی تباہ کن بولنگ سے نیدرلینڈز کے بلے باز چکرا گئے، کوئی بھی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکا، ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی اور لنکن بولرز میچ پر اپنی گرفت مضبوط سے مضبوط کرتے گئے، لیکن نیدر لینڈز کے اینگل برچٹ اور لوگن وین بک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 130 رنز کی عمدہ پارٹنرشپ کی بدولت ٹیم کا ٹوٹل 262 تک پہنچایا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے اینگل برچٹ 70، لوگن وین بک 59 اور کولن اکرمین 29 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ سری لنکا کی جانب سے فاسٹ بولر راجتا اور مدوشنکا 4،4 وکٹوں کے ساتھ نمایاں گیند باز رہے، ان کے علاوہ ماہیش تیکشانہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں نیدر لینڈز کے کپتان سکاٹ ایڈورڈ نے کہا کہ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے ورلڈ کپ میں 3، 3 میچز کھیل لئے ہیں، سری لنکا کو تینوں میچز میں شکست ہوئی ہے جبکہ نیدر لینڈز نے ایک میچ جیتا ہے۔