(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وتعز من تشاء وتذل من تشاء۔
لاہور مینار پاکستان میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آج ایک بار پھر آپ کے درمیان موجود ہے
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آن بان اور شان کے ساتھ اپنے لوگوں میں واپس آگیا ہے، مینار پاکستان کا میدان نواز شریف کے شیروں کیلئے چھوٹا پڑ گیا ہے، نواز شریف کا اس قوم سے رشتہ کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آپ کو مینار پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، یہاں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان بھی ہے، پورا پاکستان یہاں پر موجود ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ آج تقریر صرف نواز شریف کریں گے، میں تقریر نہیں کروں گی، یہاں پر 10 فیصد لوگ موجود ہیں باقی لوگ سڑکوں پر ہیں، نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے، جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، وہ دیکھیں آج نواز شریف واپس آرہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف اللّٰہ کے فضل سے اپنے گھر، اپنی مٹی اپنے وطن واپس آئے ہیں۔
مریم نواز کے ساتھ حمزہ شہباز بھی اسٹیج پر موجود تھے اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ جو کہتے تھے ن سے ش نکلے گی، دیکھیں ن اور ش ساتھ ہیں، ن اور ش ایک ہیں ماشاءاللّٰہ، اللّٰہ دونوں بھائیوں اور بہن بھائی کی جوڑی سلامت رکھے۔
یہ بھی پڑھیے: ’’آ جا تینوں اکھیاں اُڈیکدیاں‘‘ خوش آمدید نواز شریف: مریم نواز
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف چار سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کا استقبال کیا۔ کارکنان نے بھی اپنے قائد کا بھرپور استقبال کیا اور خوشی سے نہال ہوگئے۔
نواز شریف دبئی سے خصوصی طیارے کے ذریعے براستہ اسلام آباد لاہور پہنچے۔
اس سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر قانونی دستاویزات پر دستخط کرنے کے بعد سابق وزیراعظم خصوصی طیارے میں سوار ہوئے جو انہیں اسلام آباد سے لے کر لاہور پہنچا۔
ن لیگی قائد کا لاہور ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم اور ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔ نواز شریف کے ساتھ اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ بھی لاہور پہنچے۔