(اویس کیانی) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی عمرا پہنچ گئے۔
نواز شریف کے استقبال کیلئے لیگی کارکن بھی جاتی عمرا پہنچ گئے ہیں، کارکنوں کی جانب سے آتش بازی بھی کی گئی، سابق وزیر اعظم کی آمد پر صدقے کا بکرا بھی جاتی عمرا پہنچا دیا گیا۔
جاتی عمرا پہنچنے پر نواز شریف پہلے آبائی قبرستان گئے، جہاں انہوں نے والدہ، والد، بھائی عباس شریف اور اہلیہ کلثوم نواز کی قبروں پر گئے، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
نوازشریف خاندان کے دیگر مرحومین کی قبروں پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔
خیال رہے کہ نواز شریف چار سال بعد آج صبح وطن واپس پہنچے تھے، سابق وزیراعظم کے طیارے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا جہاں اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ نے پارٹی قائد کا استقبال کیا۔
ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج میں نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی قانونی ٹیم سے مشاورت ہوئی جس کے بعد انہوں نے قانونی دستاویزات پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیے: "نواز شریف جدوجہد ، جذبہ اور جنون کا نام ہے" ، شہباز شریف
لاہور ائیرپورٹ سے نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہوئے۔ ان کے ہیلی کاپٹر کیلئے شاہی قلعے کے پاس دیوان خاص پر ہیلی پیڈ بنایا گیا تھا، نواز شریف نے ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد نماز ادا کی۔
بعدازاں مینار پاکستان پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے دل میں انتقام کی تمنا نہیں، قوم کی خدمت کرنا چاہتاہوں، ہمیں ڈبل اسپیڈ سے دوڑنا ہوگا۔
نواز شریف کا کہنا تھاکہ آج کئی سالوں کے بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، آپ سے میرا پیار کا رشتہ قائم و دائم ہے، اس رشتے میں کوئی فرق نہیں آیا، میرا اور آپ کا رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نہ کبھی آپ نے مجھے دھوکا دیا ہے نہ میں نے کبھی آپ کو دھوکا دیا۔