خواب میں حضورؐکی زیارت کے بعد شوبزچھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، زرنش خان

2 سے 3 گھنٹے روتی رہی،اسی وقت انسٹاگرام سے اپنی تصاویر اورریلزڈیلیٹ کردیں

Oct 21, 2024 | 09:24:AM

(ویب ڈیسک)اسلام کی خاطرشوبزچھوڑنے والی سابقہ اداکارہ زرنش خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں خواب میں نبی کریم ﷺکی زیارت ہوئی تھی جس کے بعدانہوں نے شوبزچھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

زرنش خان نے ایک یوٹیوب چینل کی میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے اپنے اس  روحانی سفر کے بارے میں بتایاکہ میں عمرے پر گئی تو وہاں موجود لوگوں کو دیکھے جارہی تھی جو عبادت کررہے تھے، رو رہے تھے اور ان کو دیکھ کر میں بہت شرمندہ تھی، مجھے اپنا آپ اللہ تعالیٰ کے سامنے بہت حقیر لگ رہا تھا۔

زرنش خان نے بتایا کہ اس وقت میرے احساسات ایسے تھے کہ میں اللہ کے گھر کے سامنے کھڑے ہونے کا حق ہی نہیں رکھتی، مجھے لگ رہا تھا کہ میں اللہ سے بات بھی کروں گی تو ایسے کروں گی کہ جیسے کوئی نظریں چرا رہا ہو،اس کے بعد میں گھر گئی اور واقعہ معراج سنتے سنتے سو گئی،اس دوران خواب میں مجھے حضور ﷺ کی زیارت ہوئی، وہ چھوٹا سا خواب نہیں بلکہ بہت طویل اور واضح خواب تھا۔

زرنش خان نے بتایا کہ میری اتنی اوقات نہیں کہ مجھ جیسی گناہ گار کے خواب میں وہ آئیں،لیکن نبی کریم ﷺ مجھ سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ اللہ کے گھر آئی ہو اور رو کر معافی نہیں مانگی، اللہ تعالیٰ تو سب کو معاف کرتے ہیں تو رو کر جا کر معافی مانگو،یہ سن کر میں جاگ گئی، میرے والد میرے قریب ہی سو رہے تھے اور میں جاگ کر رونے لگی اور 2 سے 3 گھنٹے روتی رہی،مجھے یہ شرمندگی ہوتی رہی کہ مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ اتنی بڑی ہستی مجھ جیسی گناہ گار کے خواب میں آئی۔

زرنش خان نے مزید بتایا کہ اس وقت میں دنیا چھوڑ دینا چاہتی تھی، میں سب کچھ چھوڑ دینا چاہتی تھی، اسی وقت میں نے اپنا انسٹاگرام کھولا اور اپنی تصاویر اور ریلز دیکھ کر مجھے اتنی شرمندگی ہوئی،ایک دم سے قیامت کا منظر میرے سامنے آگیا کہ میں اللہ کے سامنے کھڑی ہوں اور اللہ پاک میری یہ ریل مجھے دکھا رہے ہیں اور یہ خیال آیا کہ وہاں پیش کرنے کے لیے میرے پاس کیا اعمال ہیں؟،اسی وقت اللہ کی مدد سے میں نے ایک فیصلہ کیا، اللہ نے میرے دل میں خیال ڈالا کہ مجھے یہ سب ابھی اسی وقت چھوڑنا ہوگا کیونکہ اگر میں واپس پاکستان جا کر سوچتی ہوں کہ جو پراجیکٹس ادھورے ہیں انہیں مکمل کرلوں تو یہ سلسلہ نہیں رکے گا۔

زرنش خان نے مزیدبتایاکہ دنیا بہت اشتہا انگیز ہے، آپ جب اس کے پاس واپس جاتے ہیں تو یہ آپ کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہے، چنانچہ اسی وقت میں نے اپنا پورا سوشل میڈیا کانٹینٹ ڈیلیٹ کردیا،اس وقت میں نے اللہ تعالیٰ سے مدد مانگی کہ میں نے یہ قدم اٹھا لیا ہے مجھے نہیں معلوم کہ اس سے آگے کیا کرنا ہے لیکن میں دل سے رجوع کرتی ہوں اور میں مزید کام نہیں کرنا چاہتی۔

زرنش خان نے مزید بتایاکہ اس کے بعد ہم نے ایک اور عمرہ کیا اور اپنی دیگر عبادات سرانجام دیں اور پھر واپس پاکستان آگئے،اس کے بعد سب سے پہلی چیز جو مجھے لگا کہ کرنی چاہیئے وہ یہ تھی کہ مجھے حجاب لینے کی کوشش کرنی چاہیئے، چنانچہ میں نے حجاب لینا شروع کردیا اور میں نے نعمان علی کے خطبات کی ایک سیریز سنی جس نے میری زندگی بدل کر رکھ دی۔

واضح رہے کہ زرنش خان نے فروری 2023ء میں عمرے کی سعادت حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا سے اپنی تمام پرانی تصاویر اور ویڈیوزڈیلیٹ کرتے ہوئے اپنی ایک اسٹوری میں لکھا تھا کہ یہاں آکر اندازہ ہوتا ہے ہم کتنے بھٹکے ہوئے ہیں، کیا مقصد ہے دنیا میں آنے کا، کیا فرائض ہیں سب بھولے بیٹھے ہیں، نہ اخلاقیات ، نہ انسانیت، نہ اصول، نہ احساس اور نہ خیال، بس دنیا کی ہی دوڑ میں ہیں سب، کاش کہ ہم سب کو خاص طور پر مجھے اللہ پاک ہمیشہ کے لئے ہدایت دے دیں۔ آمین۔

مزیدخبریں