پی ٹی آئی آئینی ترامیم کی حمایت کا اعلان کرے: شرجیل میمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پاکستان تحریکِ انصاف سے آئینی ترامیم کی حمایت کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ پی ٹی آئی قوم کی فلاح کے لئے آئینی ترامیم کی حمایت کا اعلان کرے، آئینی ترامیم کے لیے انتھک محنت کرنے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،انہوں نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترامیم کا مقصد قوم کو متحد اور وفاق کو مضبوط کرنا ہے، تمام سیاسی قوتوں کو اس کے پیچھے متحد ہونا چاہیے۔
شرجیل انعام میمن کا مزید کہنا ہے کہ میثاقِ جمہوریت میں صوبائی نمائندگی یقینی بنانے اور وفاق کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے سینئر وزیر نے یہ بھی کہا ہے کہ عدلیہ اور مقننہ میں توازن کے لیے آئینی عدالت کا تصور سب سے پہلے قائدِ اعظم نے دیا تھا۔
یاد رہے کہ سینیٹ سے منظوری کے بعد گزشتہ شب قومی اسمبلی نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی، حکومت اس ضمن میں قومی اسمبلی میں بھی دو تہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے اعلان کے مطابق 225 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ اس کی مخالفت میں 12 ووٹ دیے گئے، اس طرح ایوان نے دو تہائی اکثریت سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کر لی۔
تحریکِ انصاف کے اراکین اس موقع پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے تھے۔