(ویب ڈیسک)کرینہ کپور اور سیف علی خان کا میرج سرٹیفکیٹ سوشل میڈیاپر وائرل ہوگیاجس میں شوہرکی جگہ پر ساجد علی خان کا نام دیکھ کر مداح تجسس میں مبتلا ہوگئے ۔
کرینہ کپور اور سیف علی خان کی جوڑی کاشمار بالی ووڈ کی مقبول اور کامیاب ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے، دونوں 5 سال تک دوستی کے رشتے میں رہنے کے بعد 16 اکتوبر 2012 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے،سیف علی خان اور کرینہ کپور کے 2 بیٹے ہیں، تیمور 2016 اور جہانگیر 2021 میں پیدا ہوئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب سیف علی خان اور کرینہ کپور کے میرج سرٹیفکیٹ کی تصویر سامنے آئی ہے جس کے بارے میں بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سیف علی خان کا نام میرج سرٹیفکیٹ میں ساجد علی خان درج ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان کا اصل نام ساجد علی خان ہے ،انہیں پیار سے سیف بلایا جاتا ہے،اسی لیے میرج سرٹیفکیٹ میں یہی نام لکھا گیا ہے، میرج سرٹیفیکیٹ میں سیف کی عمر 42 سال جبکہ کرینہ کی عمر 31 سال درج ہے۔
سیف اور کرینہ گزشتہ ہفتے اپنی شادی کی 12ویں سالگرہ کی خوشیوں میں مصروف تھے لیکن اس موقع پر سوشل میڈیا پر ایک ایسی غیرمتوقع پوسٹ زیرگردش رہی جس نے اس مقبول جوڑی کے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کردیا،صارفین اس پر دلچسپ انداز سے اپنی اپنی رائے کا اظہاربھی کررہے ہیں۔
واضح رہے کرینہ کپورسے قبل سیف علی خان کی شادی اداکارہ امریتا سنگھ سے ہوئی تھی، جن سے ان کا ایک بیٹااورایک بیٹی ہے،تاہم سیف اور امریتا کے درمیان 2004 میں طلاق ہوگئی تھی۔