(ویب ڈیسک) کرن جوہر کے فلم پروڈکشن اورڈسٹری بیوشن ادارے"دھرما پروڈکشن" کے پچاس فیصد شیئرزسیرین انٹرٹینمنٹ کے مالک آدار پوناوالا نے ہزار کروڑ بھارتی روپے میں خریدلئے۔
آدار پونا والا کی قیادت میں سیرین انٹرٹینمنٹ نے نصف شیئرز حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ دھرما پروڈکشن میں کرن جوہر کی قیادت کو برقرار رکھیں گے،دھرما پروڈکشن کے باقی 50 فیصد حصص کرن جوہر اپنے پاس رکھیں گے۔
دھرما پروڈکشن کے حصص خریدنے میں ریلائنس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی اورانٹرٹینمنٹ کمپنی سارے گاما بھی دلچسپی رکھتی تھی،تاہم سیرین انٹرٹینمنٹ دھرما پروڈکشن خریدنے میں بازی لے گیا۔
دھرما پروڈکشن بھارت کی معروف فلم پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سے ایک ہے، جسے 1976 میں یش جوہر نے شروع کیاتھا، 2003 میں یش جوہرکے انتقال کے بعد اُن کے بیٹے کرن جوہر نے ادارے کی باگ ڈور سنبھال لی،دھرما پروڈکشن نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران کئی سپر ہٹ یادگار فلمیں دی ہیں، جن میں کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم، مائی نیم اِز خان، اسٹوڈنٹ آف دی ایئراوردیگر شامل ہیں۔