(راؤ دلشاد) "اپنی چھت، اپنا گھر"پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مکانوں کی تعمیر شروع کردی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنی چھت میری ترجیحات میں اولین ہے ،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی حقدار قرض سے محروم نہ رہ جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے " اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت مکان بنانے والے خوش نصیب شہریوں کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صرف دو ماہ کی ریکارڈ مدت میں لاہور، قصور اور دیگر اضلاع میں پہلی قسط حاصل کرنے والے افراد نے زور و شور سے مکانوں کی تعمیر شروع کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے قرض کی دوسری قسط کا اجراء شیڈول کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی ، ہر ضلع میں درخواست گزار کی آسانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں : بطور قانون دان ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے ججز کو پتہ ہے کہ کیا فیصلہ کریں، سلمان اکرم راجہ
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سپیشل ڈیش بورڈ پر" اپنی چھت، اپنا گھر "پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گی ، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر بلال یاسین کو فیلڈ میں مانیٹرنگ کی بھی ہدایت دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد" اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کےلئے پورٹل سے رجوع کر چکے ہیں ،"اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کےلئے تقریباً پونے چار لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب آدمی کےلئے اپنی چھت میری ترجیحات میں اولین ہے ،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کوئی حقدار قرض سے محروم نہ رہ جائے۔
اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب ،صوبائی وزیر ہاوسنگ بلال یاسین، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان ،سیکرٹری ہاوسنگ اسد اللہ خان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، ڈی جی پھاٹا سیف انور جپہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔