(وقاص عظیم )ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر، ایما فین کی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ملاقات، اے ڈی بی کی مالی معاونت سے جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے حال ہی میں مکمل کیے گئے 5 سالہ ترقیاتی منصوبے کو وزیر اعظم کے وسیع تر ترقیاتی ایجنڈے کے مطابق قرار دیا، انہوں نے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، اور سماجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی، تاکہ جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور محروم طبقات کی حالت کو بہتر بنایا جا سکے،احسن اقبال نے ملک میں سڑکوں کی تعمیر اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جس سے نہ صرف ملک کے اندر بلکہ وسطی ایشیا کے ساتھ روابط بھی بہتر ہوں گے، انہوں نے اس ضمن میں اے ڈی بی کے مسلسل تعاون کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، بشمول تفتان سیکشن، تجارت اور علاقائی انضمام کو بڑھانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا، ان شعبوں کو انسانی ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے معیارِ صحت اور تعلیم تک رسائی کو بڑھانے کے حکومتی عزم کو دہرایا، تاکہ ایک صحت مند اور تعلیم یافتہ افرادی قوت کی تشکیل ممکن ہو سکے۔
احسن اقبال نے پاکستان کی آبی ذخائر کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے پانی کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کی فوری ضرورت کا ذکر کیا۔ اس سلسلے میں بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جو کہ غذائی تحفظ اور پائیدار زرعی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔