حکومت کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے: احسن اقبال

Sep 21, 2021 | 13:48:PM

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کے اداروں پرحملے کر رہی ہے، ن لیگ کے لئے دہرا معیار بند کیا جائے۔ عوام جان چکے ہیں کہ یہ لوگ حکومت نہیں چلا سکتے، ڈسکہ میں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا گیا اس کی رپورٹ آنے والی ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  احسن اقبال نے کہا کہ 3200 ارب سے زائد فنڈز ریلیز کئے، کرپشن ہوئی ہے تو ثبوت سامنے لائیں۔ پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے اس لئے الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا نام حکومت نے تجویز کیا تھا جس کو اپوزیشن نے قبول کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات لگا رہی ہے، حکومت کی ناکامی کی وجہ سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔کھیلوں کے میدان دوبارہ اجڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، اس لاڈلے اور تابعدار کا احتساب کریں گے۔ کل قومی اسمبلی میں بھی نارووال سپورٹس سٹی کا مسئلہ اٹھایا، 90 فیصد پراجیکٹ مکمل تھا لیکن اس کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی مکمل ہو جاتا تو کھلاڑی ٹریننگ کر کے میڈل لاتے، وہاں کروڑوں روپے کا سامان ضائع کر دیا گیا۔ حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے اپوزیشن پر الزامات لگاتی ہے، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، ورلڈ الیون اور زمبابوے کی ٹیمیں ہمارے دور میں پاکستان آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی الاٹمنٹ کیس۔۔سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شا ہ کو بڑا ریلیف مل گیا
 

مزیدخبریں