(24 نیوز)این اے 45 کرم میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے انتخابی دھاندلی کا معاملہ،تحقیقات میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فخر زمان کو دھاندلی منصوبے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ میں ڈی ایس پی کرم محمدی خان اور سپیشل برانچ کے اہلکار وسیع اللہ کوبھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فخر زمان نے جعلی پوسٹل بیلٹ درخواستیں نتائج پر اثرانداز ہونے کیلئے تیار کرائیں، فخر زمان الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 175بی کے مرتکب ہوئے۔پوسٹل بیلٹ کے لیے ملنے والی درخواستیں جعلی تھیں،پولیس کی اپنی انکوائری کے مطابق تقریباً تمام درخواستوں پر دستخط جعلی تھے،کئی درخواستیں وفات پانے والے اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کی تھیں۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کی درخواستیں دینے والوں کی الیکشن کے دن ڈیوٹی بھی نہیں تھی، منتخب رکن اسمبلی فخر زمان نے معاملے کو مخالفین کی سازش قرار دیا، فخر زمان نے بطور ثبوت اپنی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا جعلی حکم بھی پیش کیا۔فخر زمان نے کہا مخالفین جعلی آرڈر پھیلا کر الیکشن خراب کرنا چاہتے تھے۔
جوائنٹ الیکشن کمشنر کے پی کی سربراہی میں ٹیم نے تحقیقاتی رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرا دی ۔تحقیقاتی رپورٹ میں ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ وومن کرکٹ ٹیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی