پاکستان 2030ء تک 60 فیصد متبادل توانائی کے ذرائع استعمال کرے گا، نگران وزیراعظم

پاکستان موسمیاتی انصاف کا متمنی ہے ،نگران وزیر اعظم انوار الحق کا ایس ڈی جیز سمٹ سے خطاب

Sep 21, 2023 | 00:29:AM

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان 2030ء تک توانائی کی 60 فیصد ضرورت متبادل توانائی کے ذرائع سے حاصل کرے گا جس پر 100 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی اور ہمیں اس کیلئے عالمی مدد کی ضرورت ہے۔

نیویارک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مستقبل میں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے دریائے سندھ کے منصوبے اور ارلی وارننگ نظام سے متعلق منصوبہ بندی سمیت دیگر اقدامات کیے ہیں، 2030ء تک پاکستان 60 فیصد متبادل توانائی کے ذرائع استعمال کرے گا، گلوبل وارمنگ کیخلاف ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ترقی پذیرملکوں کوعالمی وباؤں کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے مالی وسائل مہیا کرنا ہوں گے۔

انہوں نے وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ردعمل کے موضوع پر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک مہلک وائرس کے باعث کروڑوں لوگوں کو لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا، خوش قسمتی تھی کہ سائنسدان کورونا ویکسین بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

نگران وزیراعظم نے کہا ویکسین کی تقسیم میں عالمی سطح پرغیرمنصفانہ رویہ دیکھنے کو ملا، وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ویکسینز کی دستیابی ہر ایک کیلئے ممکن بنانا ضروری ہے، کورونا وائرس کی روک تھام میں درپیش مسائل کو دوبارہ نہ دہرانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں عالمی سطح پر ویکسین کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے، عالمی حدت میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان شامل ہے، حقوق دانش کے نام پرغریب ملکوں کے ساتھ غیرمنصفانہ رویہ نہیں رکھنا چاہیئے، گلوبل وارمنگ کیخلاف ہرایک کواپنا کردارادا کرنا چاہیئے۔

مزیدخبریں