نگران وزیراعظم سے ازبک صدر اور بل گیٹس کی الگ الگ ملاقاتیں

Sep 21, 2023 | 00:47:AM

This browser does not support the video element.

(اویس کیانی)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف اور بل گیٹس سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقات،دونوں فریقین نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سلامتی، دفاع اور رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ 
نگران وزیراعظم نے گزشتہ چند سالوں میں دوطرفہ تعاون کی بڑھتی ہوئی سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ ترجیحی تجارتی معاہدے اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو فعال کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کو فروغ ملے گا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور بین علاقائی رابطوں کے لیے فعال کردار ادا کرنے کا عزم کیا،نگران وزیراعظم نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا،دونوں اطراف نے خطے کی حالیہ پیش رفت اور علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی، ملاقات میں پولیو کے خاتمے، صنفی مساوات، غذائیت اور مالیاتی شمولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سال ملک کے ہر علاقے میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنا ممکن ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ نگران حکومت اور نیشنل پولیو ٹاسک فورس ملک بھر میں بچوں کو پولیو ویکسین، معمول کے حفاظتی ٹیکوں اور دیگر ضروری صحت کی خدمات تک پہنچانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔
بل گیٹس نے کہاکہ پاکستان میں پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،افغانستان کے ساتھ سرحد پار منتقلی کو روکنے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں ویکسینیشن مہم جاری رکھنے میں دلچسپی ہے۔ 
ملاقات میں بل گیٹس نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور نگراں حکومت کی جانب سے پولیو وائرس کی منتقلی کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں آئی فون 15 ٹیکسیز کیساتھ کتنے میں دستیاب ہوگا؟خریداروں کیلئے اچھی خبر

مزیدخبریں