تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان 

Sep 21, 2023 | 10:38:AM

(کومل اسلم)  محکمہ موسمیات نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ  موسلادھار بارش  کی پیشگوئی کردی۔  

 شہر لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی محسوس کی گئی۔ ماہرین نے آج شہر میں 40فیصد بارش کے امکان ظاہر کیا ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا۔ شہر میں فضائی آلودگی کم نہ ہو سکی، آلودگی کی مجموعی شرح 155ریکارڈ، سی ای آر پی آفس 171، سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 166ریکارڈ، لاہور امریکن سکول163 اور ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 157ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج شام میں بھی کراچی میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ شام میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔  ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

مزید پڑھیں:  اگر ایران نے ایٹم بم بنایا تو پھر ہم بھی بنائیں گے ، سعودی ولی عہد

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع  میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے  کی توقع ہے ،تاہم  دیر،سوات،  مانسہرہ،  شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش  امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع  میں موسم خشک رہے گا،مری ، گلیات ،  راولپنڈی، اٹک، چکوال ، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ،منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب اور میانوالی میں تیز ہواؤں  اور گرج چمک کے ساتھ  بارش  امکان ہے ۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا،ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گاجبکہ  کشمیر  اور گلگت بلتستان میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش کا   امکان ہے ۔

مزیدخبریں