(اشرف خان) پاکستان سے بیرون ممالک جانے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ماہر عدنان پراچہ نے انکشاف کیا ہے کہ صرف اگست کے مہینے میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی بیرونی ملک نوکری کیلئے جا چکے ہیں۔
سٹی نیوز نیٹورک سے خصوصی گفتگو کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 5 لاکھ 40 ہزار پاکستانی روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک گئے۔
عدنان پراچہ نے مزید کہا کہ سال 2022ء میں 8 لاکھ 30 ہزار پاکستانی بیرون ملک نوکری کیلئے گئے، اسی طرح سال 2015ء میں یہ تعداد 9 لاکھ 50 ہزار کے قریب تھی۔
یہ بھی پڑھیے: صنعتکاروں کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر گوہر اعجاز
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی اہم مارکیٹ گلف ممالک ہیں جبکہ بیرون ممالک تعلیم کیلئے جانیوالے افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
عدنان پراچہ نے اس رجحان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک سے زیادہ افراد بیرون ملک جائیں گے تو زیادہ قیمتی ترسیلات زر وطن آسکیں گے، پاکستان زرمبادلہ برآمدات اور ترسیلات زر بڑھا کر ہی کما سکتا ہے، ترسیلات زر بڑھنے سے روپے کی قدر میں مزید بہتری ہوگی۔