( عامر شہزاد) ملک میں پولیو خطرناک صورتحال اختیار کرگیا, مزید 3 بچے پولیو وائرس سے متاثر ہوگئے، پہلا پولیو کیس خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کا تعلق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے ہے، ان نئے کیسز کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں 9 ما ہ کی بچی جبکہ بلوچستان کے ضلع قلع عبداللّٰہ میں 15 ماہ کا بچہ اور کراچی کے ضلع کیماڑی میں ساڑھے 3 سال کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔
خیبرپختونخوا وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کوآرڈینیٹرمعطل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ضلع مہمند میں ناقص پولیو مہم کے دیگر تمام ذمہ داروں کا بھی تعین کیا جائے، متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ شراکت دار اداروں کے متعلقہ عملے کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے، دیگر تمام اضلاع میں بھی پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بیروت پر اسرائیلی فضائی حملہ، حزب اللہ کا اہم کمانڈر مارا گیا
انہوں نےکہا کہ پولیو مہم کے معیار پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،متعلقہ حکام اپنی اصلاح کریں یا سزا کے لئے تیار ہوجائیں،صوبے سے پولیو وائرس کا خاتمہ موجود صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے،موجودہ صوبائی حکومت صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے ایک نئے عزم کے ساتھ اقدامات جاری رکھے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے سے پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، والدین، اساتذہ اور علماء سمیت معاشرے کے تمام طبقے اس سلسلے میں حکومتی کوششوں کا ہاتھ بٹائیں۔
وزیر اعلی نے پولیو سے متاثرہ اس بچی کا علاج اور کفالت سرکار کی طرف سے کرنے کا اعلان کردیا۔