اسرائیل نے فلسطین میں دہشتگردی کا بازار گرم کر رکھا ہے: صدر زرداری

Sep 21, 2024 | 10:54:AM

(24نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

عالمی یوم امن کے موقع پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی یوم امن پر اقوامِ عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

 آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اسرائیل ہزاروں لوگوں کے غزہ میں قتل عام سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے،اس سال کے عالمی یوم امن کا موضوع ’امن کے کلچر کو فروغ دینا‘ ہے، ہم سب کو اقوامِ عالم کے مابین امن، رواداری اور بقائے باہمی کا کلچر فروغ دینا ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے، بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے، بھارت مسلمانوں کے بنیادی حقوق سلب کر رہا ہے، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، ہمیں ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، دنیا کی ترجیح تنازعات کے بجائے انسانیت کو درپیش مسائل کا حل ہونا چاہیے، دنیا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی حاصل نہیں کرسکتی، جنگیں اور تنازعات لوگوں کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ کرتے ہیں، ہم ایسی دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہماری آئندہ نسلیں امن اور ہم آہنگی کےساتھ رہ سکیں۔

مزیدخبریں