پی ٹی آئی رہنماء جلسہ گاہ جاتے ہوئے گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور امیدوار MPA چوہدری عقیل اسلم آرائیں کو جلسہ گاہ جاتے ہوئے تھانہ صدر پتوکی پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنماء چوہدری عقیل اسلم آرائیں کو پولیس نے ان کے ذاتی ریسٹورنٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے، پی ٹی آئی رہنماء اپنی گاڑی میں سوار ہوکر لاہور جلسہ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے، تھانہ صدر پولیس مقامی پی ٹی آئی رہنماء کو پولیس وین میں بٹھا کر لے گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور پولیس بھاری نفری لے کر جلسہ گاہ پہنچ گئی جبکہ جلسے کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مختلف راستوں کو بند کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ کل راستوں میں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہ کرے تاکہ رکاوٹیں نہ ہونے پر عوام وقت پر پہنچ سکیں گے اور ہم جلسہ بر وقت ختم کرسکیں،پی ٹی آئی ورکرز سے درخواست ہے، پرامن طریقے سے جلسہ میں شرکت کریں،انہوں نے کہا کہ کارکنوں سے اپیل ہے ایک بجے تک جلسہ گاہ پہنچیں تاکہ وقت پر سارا عمل ہو،یہ عمران خان کا پیغام ہے کہ سب کارکن جلسہ میں شرکت کریں۔