وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر سردار اسماعیل ڈاہری کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اسماعیل ڈاہری کو لطیف آباد سے ساتھی سمیت گرفتار کیا گیا ہے ، ان کے قبضے سے 5 کلوچرس،کلاشنکوف اور نقدی برآمد ہوئی ہے ، جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سردار اسماعیل ڈاہری منشیات کے عادی ہیں، ان کی گاڑی سے منشیات برآمد ہوئی ہے، ممکن ہو وہ منشیات کا کاروبار کرتے ہوں تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش تسلیم کیا ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرتا ہے، ملزمان سے منشیات ان کی گاڑی سے ملی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر اسماعیل ڈاہری کو سول کورٹ نمبر دس میں پیش کردیا گیا ہے جہاں پولیس نے عدالت سے ملزم کے تفتیشی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے پولیس کی تفتیشی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ملزم اسماعیل ڈاہری نے عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بے گناہ گرفتار کیا گیا ہے، میرے ساتھ میرا ڈرائیور حارث اور پی ایس اعجاز بھی تھے جسے پولیس نے لاپتہ کردیا ہے۔